وادی نیلم: گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث شاہرائے نیلم ڈونگہ کس کے مقام سے ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ انتظامیہ کی عدم موجودگی کے باعث مسافر اپنی مدد آپ کے تحت پتھروں اور ملبے کو ہٹا کر گاڑیوں کے لیے راستہ بنانے اور انہیں گزارنے میں مصروف ہیں۔
علاقہ مکینوں اور مسافروں کے مطابق یہ مقام طویل عرصے سے لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں ہے، تاہم اس خطرناک ایریا کو محفوظ بنانے کے لیے اب تک کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے جا سکے ہیں۔ ہر بار بارش کے بعد یہاں سے گزرنے والے مسافروں کو اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر سفر کرنا پڑتا ہے، جو کہ ضلعی انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر: 3 مئی تک طوفانی بارشیں، ایس ڈی ایم اے کی وارننگ جاری
دفاعی اہمیت کی حامل یہ روڈ جو کہ ایک پورے ضلع اور معروف سیاحتی مقام وادی نیلم کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والی واحد مین شاہراہ ہے، اس کی یہ ابتر حالت محکمہ شاہرات کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ سیاحتی سیزن کے آغاز کے باوجود شاہراہ کی بحالی اور اسے لینڈ سلائیڈنگ سے محفوظ بنانے کے لیے کسی بھی قسم کے حفاظتی بند یا جدید انجینئرنگ کے منصوبے نظر نہیں آ رہے۔
مقامی افراد نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہرائے نیلم کے اس اہم اور حساس مقام کو فوری طور پر مستقل بنیادوں پر محفوظ بنایا جائے تاکہ سیاحت اور دفاعی نقل و حمل میں حائل رکاوٹوں کو ختم کیا جا سکے۔




