میرپور(محمداعظم) محکمہ ان لینڈ ریونیو(ساؤتھ زون) نے ضلع میرپور اور مظفرآباد میں واقع مزید5 بڑے بزنس سٹورز /برینڈز پر جدید ترین آزادجموں وکشمیر پوائنٹ آف سیل انوائسنگ سسٹم نافذ کر دیا ہے۔
معروف برینڈز میں ڈنر، ای سی ایس، ایم ٹی جے، سپائر اورانڈور شامل ہیں۔ پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ کے اشتراک سے محکمہ ان لینڈ ریونیو نے مشہور بزنس سٹورزکھاڈی، کے ایف سی، الکرم ، آئیڈیزاور ایتھنک پر جدید ترین انوائسنگ سسٹم کامیابی سے فعال کیا ہے۔
کمشنر ان لینڈ ریونیو سید انصر علی کی جانب سے تشکیل کردہ اسپیشل ٹاسک فورسز مسلسل ان تمام سٹورز کی نگرانی کر رہی ہیں کہ کوئی بھی سٹور ،برینڈ یا فوڈ چین آف لائن انوائسنگ نہ کرے۔
اس امر کی یقین دہانی کی جا رہی ہے کہ ہر انوائس پرآزادجموں وکشمیر پوائنٹ آف سیل انوائسنگ سسٹم کا مجوزہ لوگو کیو آرکوڈ اورآئی آرکا مجوزہ انوائس نمبر ثبت ہو۔
سپیشل ٹاسک فورسز کی کارکردگی کو محکمہ ان لینڈریونیوکے ڈپٹی کمشنر زخود مانیٹر کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی نہ ہو اور مالیہ سرکار کی بروقت وصولی ممکن ہو سکے۔
ترجمان کے مطابق محکمہ ان لینڈ ریونیو کی تکنیکی ٹیم مسلسل مزید برینڈز اور بزنس سٹورز اورٹائر1ریٹیلرز پرآزادجموں وکشمیر پوائنٹ آف سیل انوائسنگ سسٹم کے نفاذ کیلئے کام کر رہی ہے
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اس جدید ترین سسٹم کو قانون کی منشاء اور رو کے مطابق تمام متعلقہ بزنس آؤٹ لیٹس پر نافذ کر دیا جائے گا۔