دبئی: دبئی میں پراپرٹی ویزا قوانین میں نرمی کرتے ہوئے جائیداد خریدنے پر 2 سال کے رہائشی ویزے کی پیشکش کی گئی ہے۔ ان نئے اقدامات کا بنیادی مقصد عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں بڑی سہولت فراہم کرنا ہے۔
دبئی میں پراپرٹی ویزا قوانین میں نرمی کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کے لیے بڑی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جس کے بعد اب دبئی میں 2 سالہ رہائشی ویزا کے لیے سنگل مالک پر قیمت کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے حکام نے تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اب مشترکہ پراپرٹی پر بھی رہائشی ویزا مل سکے گا، تاہم مشترکہ پراپرٹی میں ہر سرمایہ کار کا حصہ کم از کم 4 لاکھ درہم ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:روزگار کے مواقع،پاکستانیوں کیلئے10بہترین ممالک کون سے ہیں؟
اس کے علاوہ دبئی کا 2 سالہ انویسٹر ویزا اب پہلے سے مزید آسان اور قابل رسائی ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق 5 سالہ ریٹائرمنٹ ویزا کے لیے 10 لاکھ درہم کی شرط برقرار رکھی گئی ہے اور ریٹائرمنٹ ویزا کے لیے عمر کی حد کم از کم 55 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ 10 سالہ گولڈن ویزا کے حصول کے لیے 20 لاکھ درہم کی سرمایہ کاری لازمی ہے۔
گولڈن ویزا کی سہولیات میں فیملی اور گھریلو ملازمین کی اسپانسرشپ بھی موجود ہے، جبکہ گولڈن ویزا ہولڈر کے لیے یہ خصوصی رعایت بھی ہوگی کہ وہ متحدہ عرب امارات سے باہر رہ کر بھی اپنا ویزا برقرار رکھ سکیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نئی پالیسی کے نفاذ سے دبئی میں سرمایہ کاری کے مواقع مزید وسیع ہوں گے اور رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں تیزی آئے گی۔




