انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں و کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے اپنے دو روزہ دورہ کوٹلی کے دوران پولیس فورس کے مورال کو بلند کرنے، ڈسپلن کو مستحکم بنانے اور عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس ریاست کا قیمتی اثاثہ ہے جسے جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں و کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے اپنے دو روزہ دورہ کوٹلی کے دوران مقامی ہال میں منعقدہ پولیس کانفرنس سے نہایت جامع، فکر انگیز اور ولولہ خیز خطاب کرتے ہوئے پولیس فورس کے مورال کو بلند کرنے، ڈسپلن کو مستحکم بنانے، فلاح و بہبود کو یقینی بنانے اور عوام کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلق کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ریاست کا قیمتی اثاثہ اور عوام کی اولین امید ہے، جس نے قانون و آئین کی بالادستی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کا حلف اٹھا رکھا ہے۔ یہ وردی صرف ایک ملازمت نہیں بلکہ ایک مقدس ذمہ داری ہے، جس کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے کردار، رویے اور کارکردگی سے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں۔
یہ بھی پڑھیں: آئی جی آزادکشمیر لیاقت علی ملک کی اہلکاروں کو ٹاسک سونپ دیئے
آئی جی پولیس نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جس کے تحت تقریباً 2 ارب روپے کی لاگت سے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) قائم کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے میں نئی آسامیاں، جدید عمارات، گاڑیاں اور ضروری سازوسامان فراہم کیا جائے گا تاکہ فورس کو درپیش جدید چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے قابل بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف محکمہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافہ کریں گے بلکہ پولیس ملازمین کے لیے بہتر ورکنگ ماحول بھی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان فاصلہ کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ہمارا رویہ ہی ہماری پہچان ہے، اگر شہری تھانے آتے ہوئے خود کو محفوظ اور باعزت محسوس کریں تو یہی اصل کامیابی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ محکمہ میں ڈسپلن کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے اور واضح کیا کہ پولیس میں کسی قسم کی سیاسی، برادری یا علاقائی وابستگی کی کوئی گنجائش نہیں، ہماری پہچان صرف قانون ہے۔ آئی جی پولیس نے مقدمات کے اندراج میں میرٹ کی پاسداری اور فوری انصاف کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی جرات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خطاب کے اختتام پر انہوں نے جوانوں کو محنت اور جذبہ خدمت کے ساتھ ذمہ داریاں ادا کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی میرپور ریجن کامران علی، اے آئی جی عابد میر، ایس پی کوٹلی عدیل احمد لنگڑیال سمیت دیگر پولیس افسران و جوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔




