اسلام آباد

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

کراچی(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 40 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو4وکٹوں سے شکست دے کر کوالیفائر میں جگہ بنا لی۔ 

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد نے 193 رنز کا ہدف 18اعشاریہ 4اوورز میں شاندار انداز میں حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے سے دوسرے نمبر پر چھلانگ لگا دی  اوراب وہ 28 اپریل کو کوالیفائر میں پشاور زلمی کامد مقابل آئے گی ۔

اس میچ میں مارک چیپمئن نے 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی بدولت 33 گیندوں پر 69 رنز کی دھواں دھار اننگ کھیلی اور اپنی ٹیم کی جیت میں  کلیدی کردار ادا کیا ۔

میچ میں ڈراپ کیچز، خراب فیلڈنگ اور اضافی رنز دینے کی غلطیاں ملتان سلطانز کو ہار کی صورت میں بھگتنی پڑیں ، آخری اوورز میں بھی ناقص بولنگ کی گئی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11میں میری کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی،محمد رضوان

اس سے قبل ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹد کو جیت کے لئے 193 رنز کا ہدف دیا تھا، ملتان سلطانز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 192 کا مضبوط اسکور بنایا ۔

ایک وقت میں لگ رہا تھا کہ یونائیٹڈ میچ پر قابو پا چکی ہے مگر آخری 5 اوورز میں ملتان نے میچ کا رخ موڑ دیا ۔

پاور پلے میں ملتان سلطانز نے کمال کی بلے بازی کی، اوپنرز نے 60 رنز کی شراکت قائم کی ، درمیان کے اوورز میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے بہترین بولنگ سے رنز روکے  لیکن ڈیتھ اوورز میں سلطانز نے دھواں دار بیٹنگ کی ۔

ملتان سلطانز کے شان مسعود نے 44، صاحبزادہ فرحان اور اسٹیو اسمتھ نے 30، 30 رنز اسکور کیے، عرفات منہاس نے 31 اور وسیم جونیئر نے 26 رنز بنائے، انہوں نے آخری اوور میں 2 چوکے اور 2 شاندار چھکے لگائے جس کی بدولت ملتان 190 کے پار پہنچ گئی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11: پلے آف مرحلےکیلئے ٹیموں کی لائن اپ مکمل

اسلام آباد یونائیٹڈ کے تمام 6 بولرز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ اسپنرز نے کفایتی بولنگ کی ، فہیم اشرف نے دباؤ برقرار رکھا، فہیم اشرف ، عماد وسیم ، شاداب خان، کرس گرین، سلمان ارشاد اور سلمان مرزا نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین روانہ کیا ۔

Scroll to Top