نوشکی: سکیورٹی فورسز کا ٹارگٹڈ آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 5 اہم کمانڈرز ہلاک

سکیورٹی فورسز نے نوشکی میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے پانچ اہم کمانڈرز کو ہلاک کر دیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے نوشکی میں تخریب کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس مقصد کے لیے دہشت گرد نوشکی کے نواحی علاقے میں اپنے ایک ٹھکانے میں موجود تھے، جس پر سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے کارروائی کی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کو دیکھتے ہی جدید خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی، تاہم فورسز کی بھرپور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کے 5 اہم کمانڈرز مارے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن: فتنہ الخوارج کے 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک

آپریشن کے بعد سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مکمل طور پر مسمار کر دیا اور وہاں سے بھاری تعداد میں اسلحہ، راکٹ لانچرز، بم، دھماکہ خیز مواد اور مواصلاتی آلات قبضے میں لے لیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور پولیس پر حملوں کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

Scroll to Top