اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد حکومت نے عوام کو مٹی کے تیل کی قیمت میں بڑی کمی کر کے جزوی ریلیف فراہم کر دیا ہے۔ وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 63 روپے 60 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے۔ اس بڑی کمی کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 365 روپے 21 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جس کا اطلاق آج سے ہو گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 428 روپے 81 پیسے فی لیٹر تھی، جبکہ گزشتہ ہفتے بھی اس کی قیمت میں 21 روپے 34 پیسے فی لیٹر کی کمی کی گئی تھی۔ دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل آج سے 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں پیٹرول بحران کی افواہیں، انتظامیہ نے اصل صورتحال بتا دی
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ علاقائی کشیدگی کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں دوبارہ بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی شراکت داروں سے معاہدوں کی وجہ سے حکومت کو اس اضافے کا بوجھ عوام تک منتقل کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے جس قدر ممکن ہوا عالمی قیمتوں کے بوجھ کو خود برداشت کیا، اور امید ظاہر کی کہ علاقائی امن کی صورتحال بہتر ہوتے ہی عوام کو مزید ریلیف فراہم کیا جائے گا۔




