آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ دو روز سے جاری شدید برفباری اور بارش کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہو چکے ہیں۔ کئی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جبکہ راستے بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق حویلی سمیت متعدد علاقوں میں زیادہ تر سڑکیں مکمل طور پر بند ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو متبادل راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دورانِ سفر احتیاط برتیں اور ممکن ہو تو پنجگراں چڑی کوٹ کا راستہ استعمال کریں۔ دوسری جانب وادی نیلم میں بھی برفباری جاری ہے، جبکہ یونین کونسل زیرلی کا ہیڈکوارٹر سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہےاورسردی کی شدت ویسے ہی برقرار ہے۔
شدید برفباری اور خراب موسم کے پیش نظر تعلیمی ادارے بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے اور رات گئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس کے تحت منگل کے روز اسکول بند رہیں گے۔ برفباری کے باعث سڑکوں پر برف اور کیچڑ جمع ہو چکا ہےجس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے اور مقامی افراد کو نقل و حمل میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے راستے بحال کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، تاہم مسلسل برفباری کے باعث مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ جلد از جلد سڑکوں کی صفائی اور راستوں کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔