سہنسہ: سہنسہ کوٹلی پنڈی مین شاہراہ پر پوٹھہ پلتھیاں کے مقام پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں مسافروں سے بھری ٹیوٹا ہائی ایس بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہوگئی۔ اس واقعے کے نتیجے میں ایک مسافر کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گاڑی میں تقریباً 12 سے 15 افراد سوار تھے، جن میں سے 12 افراد زخمی ہوئے جبکہ دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی جموں کشمیر وصال ایمبولنس کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ موقع پر پہنچنے والوں میں ضلع کوٹلی کے نائب صدر ماجد اور ان کی پوری ٹیم شامل تھی، جنہوں نے بروقت رسپانس دیتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نیلم: سرگن لیساں میں نالے میں گرنے سے دو خواتین جاں بحق، ایک کی نعش نکال لی گئی
انتہائی تشویشناک حالت میں موجود ایک زخمی کو فوری طور پر راولپنڈی منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ باقی زخمیوں کو قریبی مقامی ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ حادثے میں ایک مسافر کی جان بحق ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں کی جانب سے بروقت امدادی کارروائیوں کے باعث زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے میں مدد ملی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔




