ملک نواز

میرے دروازے ہمیشہ عوام کیلئے کھلے ہیں ، ملک نواز خان کا بڑا اعلان

کوٹلی( کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر کے سابق سینئر وزیر ملک محمد نواز خان نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ سیاست میں رواداری ، برداشت اور عوامی خدمت کو فروغ دیا ، میرے گھر کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نہ کبھی پروٹوکول کا شوق رہا اور نہ ہی خواہش، میرا محافظ اللہ تعالیٰ اور عوام ہیں جبکہ تعمیر و ترقی میرا مشن ہے میں اپنی سیاسی زندگی میں نو انتخابات میں حصہ لے چکا ہوں اور مسلسل سات بار رکن اسمبلی منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کر چکا ہوں ۔

گزشتہ انتخابات میں سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان کے حکم پر راج محل سے الیکشن لڑا تاہم اب میں واپس اپنے آبائی حلقے میں آ چکا ہوں اور عوام کے درمیان موجود ہوں ، میں حلقے کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہوں ۔

ماضی میں حلقہ وسیع ہونے اور وسائل محدود ہونے کے باوجود بلاامتیاز عوامی خدمت کی اور ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جن سے آج بھی لوگ مستفید ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اب عوام باشعور ہو چکے ہیں اور انہیں ہیلتھ ، ایجوکیشن پیکجز اور سڑکوں کے نام پر مزید بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا اور نہ ہی الیکشن سے چند ہفتے قبل اعلان کیے گئے پیکجز کسی صورت قابل عمل ہوتے ہیں بلکہ یہ محض نمائشی اقدامات ہوتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ نہن بل کو میں اپنا گھر سمجھتا ہوں جہاں کے لوگوں نے ہمیشہ مجھے عزت ، محبت اور اعتماد دیا اور انشاء اللہ یہ رشتہ آئندہ بھی اسی طرح قائم و دائم رہے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ن لیگ باغ حکومت کیخلاف سڑکوں پر آگئی،28اپریل کا الٹی میٹم

اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی قیادت میں ملک کی معاشی بحالی، ترقیاتی منصوبوں کے فروغ اور عوامی ریلیف اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت مشکل حالات کے باوجود درست سمت میں گامزن ہے ۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں ، قومی سلامتی کے لیے مضبوط کردار اور دفاع وطن کے حوالے سے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل چوکی مونگ کی وارڈ نہن بل میں بااثر گجر قبیلہ سمیت دیگر قبائل کے درجنوں خاندانوں کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس سے قبل ان کی آمد پر کارکنوں ، معززین علاقہ اور مختلف برادریوں کے افراد نے والہانہ استقبال کیا، انہیں پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور مالائیں پہنا کر خوش آمدید کہا گیا جبکہ نعروں کی گونج سے فضا گونجتی رہی ۔

تقریب میں چوہدری کرامت حسین ، ڈاکٹر طارق، سابق اُمیدوار ڈسٹرکٹ کونسل وقاص کرامت ، انس محمود ، چوہدری علی محمد ، صوبیدار لطیف ، حوالدار اشرف ، حوالدار افضل ، بلال زمان ، حوالدار ریاض ، مستری زمان ، شعیب گورسی سمیت درجنوں خاندانوں نے باقاعدہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عوام کسی سیاسی بہکاوے میں ووٹ ضائع نہ کریں،ن لیگ کوسپورٹ کریں، فاروق حیدر

جنہیں ملک محمد نواز خان، صدر حلقہ ن لیگ سید اظہر علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے جماعتی مفلر اور مالائیں پہنا کر پارٹی میں خوش آمدید کہا جبکہ تقریب سے وقاص کرامت ، ڈاکٹر طارق ، سید اظہر علی شاہ ، چوہدری اصغر، قمر یوسف سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

Scroll to Top