عوام پر ایک اور معاشی بوجھ، نومبر کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

اوگرا (OGRA) نے نومبر کے مہینے کے لیے ایل پی جی (LPG) کی قیمتوں میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ایل پی جی 14 روپے 73 پیسے فی کلو گرام مہنگی کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد عوام پر بالواسطہ معاشی بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کا 11.8 کلو گرام کا گھریلو سلنڈر 173 روپے 86 پیسے مہنگا ہو گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3,470 روپے 9 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب ، سلنڈر دھماکے والے گھر سے اسلحے کےشواہد سامنے آئے ہیں

نئی قیمتیں اور یکم نومبر سے اطلاق:

نوٹیفکیشن کے تحت نومبر کے لیے ایل پی جی کی نئی سرکاری قیمت 294 روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی ہے، اور ان نئی قیمتوں کا ملک بھر میں باضابطہ اطلاق یکم نومبر سے ہو گا۔

بلیک مارکیٹنگ کا سامنا اور شہریوں کی مشکلات:

دوسری جانب ذرائع کا انکشاف ہے کہ اوگرا کی جانب سے قیمتیں مقرر کیے جانے کے باوجود کھلی مارکیٹ میں ایل پی جی سرکاری شرح سے تقریباً ڈبل قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث گرانفروشی کا سلسلہ جاری ہے، جس سے عام شہریوں اور دیہی علاقوں کے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔