بڑالی ڈیم سانحہ: تین روز بعد کمسن بچی کی لاش نکال لی گئی

کوٹلی: آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں واقع بڑالی ڈیم میں تین روز قبل پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا المناک اختتام ہو گیا۔ ڈیم میں ڈوب جانے والی کمسن لڑکی کی لاش بالآخر ریسکیو ٹیموں نے برآمد کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ریسکیو 1122 اور مقامی غوطہ خوروں نے مسلسل تین روز تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد آج بچی کی لاش ڈیم سے نکال کر ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔ اس دلخراش واقعے کے بعد پورے علاقے میں فضا سوگوار ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد پولیس کی فوری کارروائی، علاقے کو بڑے سانحہ سے بچالیا

عینی شاہدین کے مطابق، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا تھا جب بچی ڈیم کے قریب موجود تھی اور توازن برقرار نہ رکھ پانے کے باعث اچانک گہرے پانی میں جا گری۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا تھا، تاہم پانی کی گہرائی اور سنگلاخ راستوں کی وجہ سے لاش کی تلاش میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مقامی انتظامیہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈیموں اور دیگر آبی ذخائر کے قریب جاتے وقت انتہائی احتیاط برتیں اور اپنے بچوں کی نگرانی کریں تاکہ مستقبل میں ایسے کسی بھی دلخراش واقعے سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top