لاہور: پنجاب بھر میں جائیداد کی خرید و فروخت کرنے والے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں صوبائی حکومت نے اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح 3 فیصد سے کم کر کے محض 1 فیصد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
پنجاب حکومت نے غیر منقولہ جائیدادوں کے مالکان کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اب صوبے بھر میں اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح یکساں طور پر 1 فیصد ہوگی۔ اس سلسلے میں پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریونیو کا اہم اجلاس چیئرمین محمد احمد خان لغاری کی زیرِ صدارت ہوا، جس میں اسٹامپ آرڈیننس کی منظوری دے دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پی این ایس سی کا جہاز ’’بولان‘‘ 57 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول لے کر کراچی پہنچ گیا
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اب شہری اور دیہی علاقوں میں اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح میں موجود تفاوت ختم کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل شہری علاقوں میں 1 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 3 فیصد ڈیوٹی رائج تھی، جس کی وجہ سے دیہی علاقوں کے شہریوں کو جائیداد کی منتقلی میں مشکلات اور اضافی مالی بوجھ کا سامنا تھا۔ اب اس فیصلے کے بعد صوبے بھر میں یکساں شرح نافذ ہونے سے ان مسائل کا خاتمہ ہو جائے گا۔
منظور شدہ آرڈیننس کے تحت موجودہ قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی، جن میں “قابلِ منتقلی معاہدہ” کو بھی شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ جائیداد کی منتقلی کا نظام مزید واضح اور شفاف ہو سکے۔ حکام کے مطابق، گورنر پنجاب پہلے ہی 10 اپریل کو اس ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے چکے ہیں۔ قائمہ کمیٹی کی رپورٹ مکمل ہونے کے بعد اب اس آرڈیننس کو حتمی منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد یہ باقاعدہ قانون کا حصہ بن جائے گا۔




