باغ (کشمیر ڈیجیٹل)ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن باغ سید افراز گردیزی نے کہا ہے کہ شہری اسمبلی کو اعتماد میں لیے بغیر کیے گئے فیصلے کسی طور بھی قابل قبول نہیں ہیں اور یہ عمل شہری حکومتی نظام کو کمزور کرنے کی کوشش کے مترادف ہے ۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلدیاتی اداروں کی مضبوطی اور شفافیت کے بغیر عوامی مسائل کا حل ممکن نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں ترقیاتی کام اور منصوبہ بندی عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ہونی چاہیے تاکہ وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے ۔
ان کے مطابق اگر اہم فیصلے یکطرفہ طور پر کیے جائیں تو اس سے نہ صرف ادارہ جاتی توازن متاثر ہوتا ہے بلکہ عوام کا اعتماد بھی مجروح ہوتا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈپٹی میئر باغ سید افراز گردیزی الیکشن کمیشن کا فیصلہ آتے ہی دفتر پہنچ گئے ،شاندار استقبال
ڈپٹی میئر نے مزید کہا کہ شہر کی صفائی ستھرائی میونسپل کارپوریشن کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔
انہوں نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت دی کہ صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات تیز کیے جائیں ۔
انہوں نے مئیر باغ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی یا جاری شہری اسکیموں کو میڈیا اور عوام کے سامنے پیش کیا جاتا تو اس سے شفافیت میں اضافہ ہوتا اور عوامی اعتماد مزید مضبوط ہوتا ۔
ان کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات کو چھپانے کے بجائے عوامی سطح پر سامنے لانا زیادہ بہتر طرز حکمرانی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:باغ: ڈپٹی میئر سید افراز گردیزی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام، الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلدیاتی نظام کو مؤثر بنانے کیلئے تمام سیاسی و انتظامی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ شہر کی ترقی، صفائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔




