بابر اعظم پی ایس ایل کی تاریخ میں 4 ہزار رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

پاکستانی سٹار بیٹر بابر اعظم نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی 100ویں نصف سنچری مکمل کر لی ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے یہ شاندار کارنامہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں سرانجام دیا، جہاں وہ 71 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔

اس سے قبل بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ (PSL) میں اپنے 4 ہزار رنز بھی مکمل کیے اور وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ ریکارڈ 104 میچز کھیل کر اپنے نام کیا۔

یہ بھی پڑھیں: میرے نصیب میں جو ہو گا مل کر رہے گا،بابراعظم،بڑادعویٰ بھی کردیا

اسی میچ کے دوران جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے کرکٹر رائلی روسو پی ایس ایل میں 100 میچز کھیلنے والے پہلے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ خوشی کے لمحات شیئر کیے، جبکہ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے بابر اعظم کی 100 ففٹیز اور رائلی روسو کے 100 میچز مکمل ہونے پر دونوں کھلاڑیوں کی ایک ساتھ تصویر بھی شیئر کی گئی۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم کے ٹی 20کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز مکمل، کرس گیل کو پیچھے چھوڑگیا

واضح رہے کہ بابر اعظم پی ایس ایل میں اب تک تین مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں، جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور پشاور زلمی شامل ہیں۔ ہر ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے انہوں نے اپنی بہترین کارکردگی سے شائقینِ کرکٹ کو بے حد متاثر کیا ہے۔

Scroll to Top