لاہور: پنجاب ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے عمل کو انتہائی سادہ اور آسان بناتے ہوئے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ نئے نظام کے تحت اب شہری لرنر پرمٹ اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس ایک ہی دن میں حاصل کر سکیں گے، جس سے دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق، اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کو قانونی طور پر لائسنس حاصل کرنے کی طرف راغب کرنا اور سڑکوں پر ٹریفک کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ شہریوں میں لائسنس کے حصول کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے؛ رواں سال پنجاب بھر میں موٹر سائیکل سواروں کو 23 لاکھ سے زائد لرنر لائسنس جاری کیے گئے ہیں، جبکہ 10 لاکھ سے زیادہ افراد ریگولر لائسنس حاصل کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ لاکھوں شہریوں نے اپنے پرانے لائسنسوں کی تجدید بھی کروائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والے ہو جائیں ہوشیار! بڑی خبر آگئی
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر لائسنس گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فوری طور پر اپنا لائسنس بنوائیں تاکہ نہ صرف وہ خود محفوظ رہیں بلکہ دوسروں کی جانوں کو بھی خطرے میں نہ ڈالیں۔




