کراچی: قائم مقام صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کراچی میں بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مزار پر حاضری کے دوران انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے ملکی سلامتی، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا بھی مانگی۔
چوہدری لطیف اکبر نے مزار پر موجود مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے قائدِ اعظم کی بے مثال قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم کے فرمودات اور اصول آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر عمل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت عالمی امن اور استحکام میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے، تاہم ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ ایران سے معاہدے کے لیے پاکستان آنے کے خواہشمند، حامد میر نے بڑی خبر بریک کر دی
کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام صدر نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کی قیادت پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی اور کشمیریوں کی پرامن جدوجہدِ آزادی اپنی منزل کے حصول تک جاری رہے گی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کا حقِ خودارادیت تسلیم کرے۔ چوہدری لطیف اکبر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام اپنی منزل کے بہت قریب ہیں اور پاکستان کشمیریوں کی سفارتی و اخلاقی حمایت ہمیشہ کی طرح جاری رکھے گا۔




