کہوٹہ(کشمیر ڈیجیٹل)حویلی کی یونین کونسل بھیڈی میں تعلیمی نظام شدید بحران کا شکار ہو گیا ہے۔
گورنمنٹ مڈل سکول سبھائی والا میں اساتذہ کی من مانیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں، جہاں کئی اساتذہ ہفتوں سے غیر حاضر ہیں جبکہ صدر معلم بھی سکول سے غائب رہنے لگے جس کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو چکی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:’’چائینہ ان انگلش‘‘ کے نام سے جعلی اکائونٹ ،بھارتی منظم ڈس انفارمیشن مہم کا انکشاف
ذرائع کے مطابق سکول میں طلبہ تو باقاعدگی سے حاضر ہو رہے ہیں، مگر اساتذہ اور انتظامیہ کی عدم موجودگی کے باعث ان کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف لمحہ فکریہ ہے بلکہ محکمہ تعلیم کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔
مزید برآں، یونین کونسل بھیڈی کے بیشتر سکولوں کو مبینہ طور پر ٹھیکے پر دینے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں جس پر محکمہ تعلیم کی خاموشی کئی شکوک و شبہات کو جنم دے رہی ہے۔ عوام علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور شہریوں نے اس صورتحال کے خلاف احتجاج بھی کیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:16 سے 19 اپریل تک بارشیں،تیزہواؤں کا نیا الرٹ جاری،لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
عوام علاقہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر تعلیم، چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعلیم، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حویلی اور ڈپٹی کمشنر حویلی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ متعلقہ اساتذہ کو فوری طور پر حاضر کیا جائے تاکہ طلبہ کا تعلیمی نقصان روکا جا سکے، اور غفلت کے مرتکب عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔




