بین الاقوامی فٹبال فیڈریشن (فیفا) نے ایرانی فٹبال فیڈریشن کی اس درخواست کو باضابطہ طور پر مسترد کر دیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایران کے میچز امریکہ سے میکسیکو منتقل کیے جائیں۔
یہ تنازع ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدہ سیاسی صورتحال کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پہلے ہی حساس نہج پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کا جلد پاکستان آنے کا اعلان
ایرانی حکام نے سکیورٹی خدشات اور کھلاڑیوں کو ویزا کے حصول میں ممکنہ دشواریوں کا حوالہ دیتے ہوئے فیفا سے اپیل کی تھی کہ ان کے میچز کسی متبادل مقام یعنی میکسیکو میں منعقد کروائے جائیں۔
فیفا کی انتظامیہ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے میزبان ممالک اور مقامات کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہے اور کسی بھی ایک ٹیم کے لیے شیڈول یا مقام میں تبدیلی کرنا ممکن نہیں ہے۔
فیفا کا کہنا ہے کہ وہ تمام شریک ٹیموں کے لیے یکساں سکیورٹی اور ویزا سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے میزبان ملک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
کھیلوں کے تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فیصلہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ فیفا کھیلوں کو سیاسی اثر و رسوخ سے پاک رکھنے کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا اور ٹک ٹاک کا تاریخی معاہدہ، ورلڈ کپ 2026 کی ڈیجیٹل دنیا بدل گئی
اگرچہ اسلام آباد میں حالیہ سفارتی مذاکرات کے بعد ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کچھ کمی کے آثار نظر آئے ہیں، لیکن کھیل کے میدان میں اب بھی دونوں فریقین کے درمیان تناؤ محسوس کیا جا رہا ہے۔
اس فیصلے کے بعد اب ایرانی ٹیم کو طے شدہ شیڈول کے مطابق امریکہ میں ہی اپنے میچز کھیلنے ہوں گے، جس کے لیے فیفا نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔




