مظفرآباد: فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن، 2 ہوٹل اور ایک فروزن شاپ بند

مظفرآباد: فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے شہر کے مختلف علاقوں میں فوڈ پوائنٹس کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے حفظانِ صحت اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا ہے۔ اس مہم کے دوران صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر دو ہوٹلز کو سیل کر دیا گیا، جبکہ لیبلنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ایک فروزن فوڈ شاپ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے شہر کے مختلف مقامات پر ہوٹلز اور تندوروں کا اچانک معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران کچن کی صفائی کی خراب صورتحال اور ورکرز کی ذاتی حفظانِ صحت کے ناقص انتظامات پائے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان ہوٹل مالکان کو پہلے بھی اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے تھے، لیکن عملدرآمد نہ ہونے پر انہیں فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مظفر آباد : فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن ،مضر صحت بکرے کا گوشت تلف کر دیا

ایک اور کارروائی کے دوران ایک فروزن فوڈ شاپ پر لیبلنگ قوانین کی سنگین خلاف ورزی سامنے آئی۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق مذکورہ دکان وارننگ کے باوجود مصنوعات پر لیبلنگ درست کرنے میں ناکام رہی۔ حکام نے واضح کیا کہ فوڈ آئٹمز کی اصل شناخت، کمپنی کا نام، اجزاء اور ایکسپائری (تاریخِ تنسیخ) جیسی معلومات کو تبدیل کرنا یا چھپانا صارفین کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے، جو فوڈ سیفٹی رولز کی بڑی خلاف ورزی ہے۔

فوڈ اتھارٹی حکام نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ فوڈ بزنس مالکان کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صفائی کے معیار اور لیبلنگ رولز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورتِ دیگر کسی رعایت کے بغیر سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

مزید پڑھیں: آزادکشمیر: سوشل میڈیاپر پروپیگنڈا مہم،فوڈ اتھارٹی کی وضاحت جاری

Scroll to Top