نیلم(کشمیر ڈیجیٹل ) نیلم ویلی کے علاقے خواجہ سیری سے تعلق رکھنے والے مقتول طالب علم جواد خواجہ کے قتل کیس میں پیشرفت کے حوالے سے پولیس حکام نے لواحقین اور اہل علاقہ کو تازہ صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔
ایس پی ضلع نیلم ویلی راجہ بشیر کی ہدایات کی روشنی میں ڈی ایس پی شاردہ سردار فیاض سرور اور ایس ایچ او تھانہ شاردہ ممتاز حسین نے خواجہ سیری کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مقتول کے گھر جا کر لواحقین سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:این ٹی ایس سٹاپ گیپ ویٹنگ اساتذہ کا بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان
پولیس حکام نے اس موقع پر اہل خانہ اور علاقہ مکینوں کو قتل کیس کی تحقیقات کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کوٹلی پولیس کے پیشہ ور اور تجربہ کار افسران اس مقدمے کی مکمل طور پر میرٹ پر تفتیش کر رہے ہیں اور ابتدائی تحقیقات کے نتیجے میں ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم،فیلڈ مارشل سےایرانی وفدکی ملاقات، امن کیلئے عزم کا اعادہ
ڈی ایس پی شاردہ سردار فیاض سرور نے کہا کہ مقتول کی ڈیڈ باڈی کی تلاش کے لیے دریا میں ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے جس میں متعلقہ ادارے حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جیسے ہی ڈیڈ باڈی مل جائے گی تو تفتیشی عمل کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے مقدمے کو حقائق اور شواہد کی بنیاد پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:این ٹی ایس سٹاپ گیپ ویٹنگ اساتذہ کا بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اس حساس کیس کی ہر پہلو سے باریک بینی سے تحقیقات کر رہی ہے اور قانون کے مطابق تمام تقاضے پورے کئے جا رہے ہیں تاکہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔
پولیس حکام کی جانب سے دی گئی بریفنگ اور یقین دہانی کے بعد مقتول جواد خواجہ کے لواحقین اور اہل علاقہ نے تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پولیس جلد مکمل حقائق سامنے لا کر انصاف فراہم کرے گی۔




