گلگت بلتستان میں انتخابی میدان سجنے کو تیار،ممکنہ شیڈول کی تاریخ آگئی

گلگت: الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے عام انتخابات کا شیڈول بروز پیر 13 اپریل کو جاری کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کی آئینی مدت کے تین ماہ مکمل ہونے کے باوجود تاحال انتخابی شیڈول جاری نہ ہونے سے عوامی حلقوں میں بے چینی اور کشمکش پائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر، گلگت بلتستان میں بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کی فنڈنگ: عبدالحمید لون کے ہوشربا انکشافات

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی تیاریوں کو حتمی مراحل میں داخل کر دیا ہے اور مختلف انتظامی امور کو مکمل کرنے کے بعد باضابطہ شیڈول جاری کیا جائے گا۔

اس حوالے سے حلقہ بندیوں، پولنگ اسٹیشنز کی فہرستوں اور انتخابی عملے کی تعیناتی پر کام آخری مراحل میں ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مجوزہ انتخابی شیڈول کے تحت گلگت بلتستان میں عام انتخابات جون 2026 کے پہلے ہفتے میں کرائے جانے کا امکان ہے، جس کے لیے سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات پر بھی غور جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سکیورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشاورت کا عمل بھی مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے

گلگت بلتستان کے سیاسی و عوامی حلقے بھی مطالبہ کرچکے ہیں کہ انتخابی شیڈول میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور جمہوری عمل کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو اپنی نمائندہ قیادت کے انتخاب کا حق مل سکے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان اسمبلی کےعام انتخابات ملتوی

ذرائع کے مطابق شیڈول کے اجرا کے ساتھ ہی انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آنے کا امکان ہے اور سیاسی جماعتیں باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کریں گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے 24جنوری 2026 کاشیڈول جاری کیا تھا جو آل پارٹیز کانفرنس بلا کر منسوخ کیا گیا اور اپریل میں مئی میں الیکشن کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

Scroll to Top