رمضان المبارک میں مہنگائی پر قابو: آزاد کشمیر کے افسران کے لیے سخت ہدایات

وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کے تدارک کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ جس ضلع میں قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیاوہاں کے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور مجسٹریٹ کو رخصت پر گھر بھیج دیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور قیمتوں کو مستحکم رکھنا ہے۔

رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر، آزاد جموں و کشمیر کی حکومت نے عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے ایک اجلاس میں ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام اضلاع میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی ضلع میں قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ ہوا تو وہاں کے انتظامی افسران، بشمول کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور مجسٹریٹ، کو فوری طور پر رخصت پر بھیج دیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ رمضان میں کہا جاتا ہے کہ شیطان قید ہوتا ہے لیکن یہا ں تو الٹا ہے یہاں شیطان آزاد ہو جاتا ہے،حکومت کا بنیادی مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ بازاروں کی مسلسل نگرانی کریں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔

یہ اقدامات اس پس منظر میں کیے جا رہے ہیں جب گزشتہ سال آزاد کشمیر میں عوامی احتجاج کے بعد حکومت نے 23 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھاجس کے تحت آٹے اور بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی تھی۔

وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی قسم کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی اور رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

Scroll to Top