میرپور(کشمیر ڈیجیٹل) پٹرولیم مصنوعات کی قلت اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر شہریوں کو سستی سفری سہولت فراہم کرنےکیلئے سولر کارٹ سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری ساجد حسین اور ایس ایس پی خرم اقبال نےشہریوں کو سستی سفری سہولت فراہم کرنےکیلئے سولر کارٹ سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اہم ملاقات،ثالثی کی کوششوں پراظہاراطمینان
یہ سروس قائد اعظم چوک سے نیو سٹی گیٹ تک شہریوں کو انتہائی کم کرائے پر دستیاب ہوگی۔ انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے کو مرحلہ وار مزید وسعت دی جائے گی تاکہ شہر کے دیگر سیکٹرز اور اہم تجارتی مراکز تک بھی سولر کارٹ سروس فراہم کی جا سکے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چوہدری ساجد حسین نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو کم خرچ اور ماحول دوست سفری سہولت مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سروس شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ:سمارٹ لاک ڈائون پرعملدرآمد،ہوٹلز ،موٹلز،دکانیں بند
ایس ایس پی خرم اقبال نے کہا کہ سولر کارٹ سروس ایک احسن اقدام ہے جسے انتظامیہ، پولیس اور سرمایہ کاروں کے باہمی تعاون سے مزید کامیاب بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں یہ سروس عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگی رہنما ساجد سعید کی شوکت نواز میر کیخلاف درخواست دائر
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر میاں حسام ساجد، تحصیلدار عمران یوسف، انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔




