آندھی سے گرے درخت کی ٹہنیاں بکریوں کو کھلانے پر نوجوان کی جان لے لی گئی

آزادکشمیر کے ضلع بھمبر کے نواحی علاقے برسالی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے اورجہاں آندھی کے باعث گرنے والے درخت کی ٹہنیاں بکریوں کو کھلانے پر نوجوان کو قتل کردیا گیا۔

معمولی واقعہ پر نام نہاد پنچایت بلائی گئی جس میں نوجوان پر تشدد کرکے اس کو قتل کردیا گیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں:تتہ پانی: خاتون کی لاش کا معمہ حل، شوہر ہی قاتل نکلا، پولیس تفتش میں اہم انکشافات

تھانہ پولیس بھمبر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق محمد سکندر ولد محمد اعظم قوم جٹ سکنہ ڈھوک برسالی تحصیل و ضلع بھمبر نے رپورٹ دی کہ چندروز قبل سائل کے حقیقی بھائی محمد شوکت نے اپنی زمین واقع ڈھوک برسالی میں آندھی سے گرے ہوئے ایک درخت سے ٹہنیاں کاٹ کر بکریوں کو کھلائیں جس پرمسمی غلام نبی وغیرہ نے سخت اعتراض کیا اور اسی سلسلہ میں اپنے ڈیرہ گڑھا کھیڑاں میں پنجایت رکھی۔

سائل و برادرم محمد شوکت رات 08:45 بجے جیسے ہی ان کے ڈیرہ پر پہنچے تو ملزمان غلام نبی ، منظور حسین پسران فضل حسین ، علی ولد غلام حسین نے معہ 3/2 نامعلوم ساکنان گڑھا کھیڑاں ڈنڈوں اور آہنی راڈ سے برادر محمد شوکت پر حملہ کر دیا اور تشدد کرکے برادر مذکور کو موقع پر قتل کر دیا ہے۔

واقعہ کی اطلاع پاتے ہی سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع بھمبر راجہ محمد اکمل خان معہ ڈی ایس پی سٹی بھمبر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال بھمبر پہنچے، جہاں مقتول کے ورثاء سے ملاقات کی اور پیش آمدہ حالات واقعات سماعت کئے۔

موقع پر ہی ڈی ایس پی سٹی و ایس ایچ او سٹی کو جملہ ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری فرمائے۔

ایس ایچ او تھانہ سٹی بھمبر ارشد محمود نےفوری طور پر مقدمہ درج رجسٹر کرکے کارروائی ضابطہ عمل میں لاتے ہوئے 3 ملزمان نامزد رپورٹ ابتدائی جو بعد از وقوعہ موقع سے فرار ہو چکے تھے کو اندر 6 گھنٹےٹریس کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: ماں کی تیمارداری کیلئے جانیوالی خاتون معمولی تلخ کلامی پر راستے میں قتل

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ ہذا کے نامزد چیف ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں جن سے تفتیش کا عمل جاری ہے، اگر دوران تفتیش چیف ملزمان کے ہمراہ کوئی بھی دیگر ملزم یا سہولت کار ٹریس/ تصدیق ہوا تو پولیس اسے بھی فوری طور پر گرفتار کرتے ہوئے قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کرے گی۔

مقدمہ کی تفتیش سینئر اور تجربہ کار افسران کی زیرنگرانی میرٹ پر عمل میں لائی جا رہی ہے اور مطابق حقائق ہی مقدمہ کا ڈسپوزل کیا جائے گا۔

Scroll to Top