آمدرمضان ، مہنگائی پر عوام سٹپٹا اٹھے،کئی شہروں میں سستے بازا ر بھی قائم

فارورڈ کہوٹہ، باغ، میرپور، جہلم ویلی(کشمیر ڈیجیٹل) رمضان کی آمد کیساتھ ہی مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا جس پر شہری سٹپٹا اٹھے ہیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے سستے بازار بھی قائم کئے گئے ہیں۔

حویلی فارورڈ کہوٹہ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں،کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے  کہا کہ رمضان کے آغاز پر ہی اس قدر مہنگائی ہے کہ خریداری مشکل ہوچکی ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ جب پیچھے سے ہی سامان مہنگا آئیگا ہم آگے کیسے سستا دیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے کوئی گرفت نظر نہیں آرہی ہے ، ہرکسی نے اپنے اپنے ریٹ مقرر کئے ہوئے ہیں۔

ادھرباغ انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن نے گیاری چوک میں سستے رمضان بازار کا افتتاح کر دیا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ سستے بازار میں اشیاء ارزاں نرخوں پر دستیاب ہونگی۔رمضان میں عوام کو ریلیف دینے باغ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔عوام کو جہاں شکایت ہو وہ شکایت کا اندراج کرائیں فوری ایکشن ہو گا۔

ہٹیاں بالا میں چیئرمین میونسپل کمیٹی سجاول خان نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے رمضان سستا بازار لگادیا جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی نے فتیہ کاٹ کر کیا۔

ڈپٹی کمشنر سید اشفاق گیلانی نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سستا بازار لگایا ہے، جہاں اشیائے خوردونوش مناسب نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔

میرپور میں ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر سستے رمضان بازار کا باقاعدہ افتتاح کیا،کرکٹ اسٹیڈیم کے سستا رمضان بازار میں سبزی فروٹ ،کھانے پینے کی جملہ اشیاء دستیاب ہونگی۔

یہ بھی پڑھیں:مظفر آبادانتظامیہ کا مہنگائی کنٹرول کرنے کا دعویٰ شہریوں نے مسترد کردیا

Scroll to Top