پیٹرول پر 100روپے سبسڈی کیسے لی جائے؟ طریقہ کار سامنے آگیا

پنجاب حکومت نے موٹرسائیکل رکھنے والے شہریوں کے لیے پیٹرول سبسڈی کے حصول کا باقاعدہ طریقہ کار جاری کردیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت اہل افراد کو ہر ماہ 20 لیٹر پٹرول 100 روپے فی لیٹر کے رعایتی نرخ پر فراہم کیا جائے گا، تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کچھ کمی لائی جا سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے شہریوں کو سرکاری ویب سائٹ https://mkb.punjab.gov.pk پر جا کر اپنی رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی۔

اس مقصد کے لیے پہلے Sign Up کے آپشن پر کلک کر کے شناختی کارڈ نمبر اور اپنی مرضی کا پاسورڈ درج کرنا ہوگا۔

مزید رجسٹریشن کے دوران معلومات جمع کروانے کے بعد صارف کے موبائل نمبر پر ایک ون ٹائم پاسورڈ (OTP) بھیجا جائے گا جسے درج کرنے سے اکاؤنٹ فعال ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: تمام موٹر سائیکل مالکان سبسڈی کے اہل نہیں ہوں گے، مشیر خزانہ

بعد ازاں صارف شناختی کارڈ نمبر اور پاسورڈ کے ذریعے لاگ اِن کر سکتا ہے، جہاں ایک سادہ سوال کا جواب دینے کے بعد اکاؤنٹ تک رسائی حاصل ہو جاتی ہے۔

لاگ اِن ہونے کے بعد درخواست گزار کو Register New Complaint کا آپشن منتخب کرنا ہوگا، پھر Maryam ko Batayn کے انتخاب کے بعد اگلے مرحلے میں جانا ہوگا۔

اس مرحلے پر ذاتی معلومات فراہم کرنے کے ساتھ اپنے گھریلو حالات کے بارے میں مختصر تفصیل بھی دینا ضروری ہے۔

درخواست مکمل کرنے کے بعد Submit بٹن دبانے سے عمل مکمل ہو جاتا ہے اور درخواست کامیابی سے جمع ہونے پر صارف کو تصدیقی پیغام موصول ہوتا ہے۔

یہ اقدام خاص طور پر موٹرسائیکل استعمال کرنے والے افراد کو ریلیف دینے کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ آن لائن نظام متعارف کرانے کا مقصد درخواست کے عمل کو آسان، تیز اور شفاف بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

Scroll to Top