وزیراعظم فیصل راٹھور سے لاہور میں کشمیری کمیونٹی کی ملاقات،اہم اعلانات

لاہور:وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے آزاد کشمیر کی نامور سیاسی و سماجی شخصیت حاجی اقبال قریشی نے لاہور میں اہم ملاقات کی اور اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال اور آزاد کشمیر کے الیکشن کی تازہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

حاجی اقبال قریشی نے فیصل ممتاز راٹھور کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر وزیراعظم کو مبارکباد دی،ملاقات میں حاجی اقبال قریشی کے فرزند انجینئر شفیع اقبال اور ایڈووکیٹ اظہر اقبال بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ریاست میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوچکا، اب دور دراز علاقے ترجیح ہیں،فیصل راٹھور

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اس موقع پر کشمیری کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کی اصل قوت ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام آج بھی اپنے حق خودارادیت کے لیے بے مثال جدوجہد کر رہے ہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس جدوجہد کو اجاگر کریں اور عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کی موجودہ حکومت ریاست میں ترقی، استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے،مختصر مدت میں آزادکشمیر بھر میں سینکڑوں ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن کا مقصد عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور ریاست کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت نے ریاست میں سیاسی سرگرمیوں کو فروغ دیا ہے جس سے جمہوری عمل مضبوط ہوا اور عوام کا سیاسی نظام پر اعتماد بحال ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کشمیری کمیونٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرون علاقوں میں مقیم کشمیری ہمیشہ اپنے وطن اور قومی کاز کے لیے آواز بلند کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری کمیونٹی نہ صرف تحریک آزادی کشمیر کی سفیر ہے بلکہ وہ ریاست کی تعمیر و ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ بھی حکومت بناکر حویلی سمیت ریاست بھر کے مسائل حل کرینگے:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔

تقریب کے اختتام پر کشمیری کمیونٹی کے نمائندوں نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی اقدامات اور تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ان کے موقف پر خراج تحسین پیش کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کی۔

Scroll to Top