کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل):سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا دورہ کوٹلی نے پاکستان مسلم لیگ ن میں نئی جان ڈال دی ۔
دورے کے دوران انہوں نے تما م انتخابی حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے ٹکٹ کے اُمیدواران سے ملاقاتیں کی گئیں، جس میں سابق وزیراعظم نے اتحاد اور اتفاق پر زور دیا ۔ مختلف دھڑوں سے تعلق رکھنے والے امیدواران نے بھی ان سے ملاقاتیں کیں ۔
کارکنوں میں جوش، جذبہ، اور اتحاد و اتفاق کے نتیجے میں انتخابات میں کامیابی کی راہیں کھل گئیں ۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے چڑہوئی، سرہوٹہ، کوٹلی شہر، راج محل، نکیال اور کھوئیرٹہ کے کارکنان سے مختلف مقامات پر ملاقاتیں کیں اور انہیں جماعتی ڈسپلن کی پاسداری اور متحد ہوکر جماعت کی کامیابی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت دی ۔
سابق وزیراعظم نے تمام قابل ذکر اُمیدواران کو وقت دیا اور اکثر کے گھروں کا دورہ بھی کیا ۔ انہوں نے کارکنان سے کہا کہ جماعت کی کامیابی میں ہی سب کی کامیابی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حریت رہنمائوں کو سزائیں،راجہ فاروق حیدر نے فوری اسمبلی اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا
دورے کے اختتام پر ضلعی صدر راجہ ادریس حیات کی جانب سے سابق وزیراعظم کے اعزاز میں سہر منڈی میں اپنی رہائش گاہ پر پرتکلف عشائیہ دیا گیا ۔
عشائیہ میں خطاب کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ٹکٹ کی درخواست دینا ہر سیاسی کارکن کا حق ہے اور اس کے حصول کیلئے جائز ذرائع سے جدوجہد کی جا سکتی ہے لیکن ٹکٹ کسی ایک اُمیدوار کو ہی مل سکتا ہے ۔
۔انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں چھوٹے موٹے اختلافات سے سیاسی مخالف جماعتیں فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتی ہیں، ہمیں انہیں کسی بھی صورت موقع نہیں دینا چاہیےجماعت کی کامیابی ہم سب کی کامیابی ہے ۔
انہوں نے ضلعی صدر اور تنظیم سے کہا کہ تمام نشستیں جیتنے کیلئے ہوم ورک مکمل کریں اور یقین دلایا کہ ٹکٹ جلد اعلان ہو جائیں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے خلاف کوئی سازش برداشت نہیں کریں گے : راجہ فاروق حیدر
آخر میں راجہ فاروق حیدر نے تمام کارکنان اور ٹکٹ کے اُمیدواران کو ہر حلقے کی سطح پر متحد ہوکر انتخابات میں کام کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر حکومت قائم کر سکے ۔




