اسلام آباد: سابق وزیراعظم آزادکشمیر و مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وزیر قانون سے ملاقات کرکے مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی ،ناہیدہ نسرین و دیگر کو سزائیں ،یاسین ملک سمیت دیگر حریت قائدین کو پھانسی دینے کے مجوزہ منصوبے پر فوری قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کردیا ۔
وزیر قانون میاں عبدالوحید نے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے بھی ملاقات کی۔ وزیر قانون نے جلد اجلاس بلانے کی یقین دہانی کروائی ۔
یہ بھی پڑھیں:کشمیری حریت رہنما آسیہ اندرابی کو عمر،صوفی فہمیدہ،ناہیدہ نسرین کو 30 ،30 سال قید کی سزا
فاروق حیدر نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی پوری ریاست کی نمائندہ اسمبلی ہے، اس میں موجودہ صورتحال زیربحث لائی جائے اور مشترکہ حکمت عملی تشکیل دی جائے جس کے ذریعے ہندوستانی عزائم کو دنیا بھر میں بے نقاب کیا جائے۔
مودی 5 اگست کے بعد ایک طے شدہ منصوبے کے ذریعے حریت قائدین، عوام کے خلاف نیتن یاہو طرز کی حکمت عملی کے ذریعے انہیں راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے جس کو دنیا بھر میں بے نقاب کرنا ضروری ہے
راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ وادی کے اندر اسرائیلی طرز کے قانون پر ہندوستان کی جانب سے رہنماؤں آسیہ اندرابی و دیگر کو سزائیں یاسین ملک سمیت دیگر کو پھانسی دینے کی تیاری کررہا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: عوام غیر مہذب لوگوں کو مسترد کردیں،فاروق حیدر، اہم شخصیات ن لیگ میں شامل
مقبوضہ کشمیر کی موجودہ تشویشناک صورتحال اس بات کے متقاضی ہیں کہ آزادکشمیر کی حکومت اور اسمبلی ان مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا بھر میں پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
آزادکشمیر حکومت پوری ریاست کی نمائندہ جماعت ہے اور اس کی حکومت پوری ریاست کی نمائندگی کرتی ہے حکومت آزادکشمیر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس معاملہ کو اجاگر کرے اور اس کے لیے اسمبلی سے بہتر فورم نہیں ہے۔




