بارش

آزاد کشمیر کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ، سردی بڑھ گئی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم میں نمایاں سردی بڑھ گئی ہے اور شہری گرم ملبوسات کے استعمال پر مجبور ہو گئے ہیں ۔

مسلسل بارش نے معمولاتِ زندگی کو بھی متاثر کیا ہے اور مختلف علاقوں میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں ۔

شہر مظفرآباد میں بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں پانی سے بھر گئی ہیں، جس سے آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے ۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے شہریوں کو روزمرہ کے کاموں میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے ۔

دوسری جانب ندی نالوں میں طغیانی کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے جبکہ دریاؤں میں بھی پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے جو ممکنہ خطرے کی علامت ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حویلی: طوفانی بارشیں، متعدد علاقے لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں ،املاک کو شدید نقصان

بالائی پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے سڑکیں بند ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔

ان علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو خاص احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے ۔ ادارے کے مطابق 4 اپریل تک فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، اس لیے عوام الناس کو محتاط رہنے کی تاکید کی گئی ہے ۔

ایس ڈی ایم اے نے بالخصوص سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بالائی علاقوں کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں بارش، موسم خوشگوار ہو گیا،ایس ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال پر نظر رکھیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں ۔

Scroll to Top