جرمن سیاح فلپ سام پانچ مارچ کو خنجراب پاس سے گلگت بلتستان پہنچے تھے جہاں سے انہوں نے سائیکل کے ذریعے پاکستان کی سیاحت کا آغاز کیا۔
وہ گلگت بلتستان کی حسین وادیوں سے گزرتے خیبر پختونخوا کے راستےاسلام آباد پہنچے لیکن یہاں ان کے ساتھ ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد،ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کااجلاس، سیاحوں کو انٹری پوائنٹس پر ٹیگ جاری کرنیکا فیصلہ
انہوں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کی حدود میں فیض آباد کے قریب ایک سبزہ زار میں اپنا کیمپ لگایا اور اپنی سائیکل باہر کھڑی کر دی تاہم صبح جب وہ اٹھے تو ان کی وہ سائیکل جس پر انہوں نے کئی ممالک کا سفر کیا غائب تھی۔
جرمن سیاح فلپ سام نے ایک ویب سائٹ کو بتایا کہ وہ غدر ویلی سے ہوئے ہوئے چترال پہنچے اور پھر شندور کے راستے لواری ٹنل سے خیبر پختونخوا میں داخل ہوئے۔
فلپ سام کے مطابق ان کا منصوبہ تھا کہ وہ اسلام آباد آئیں، پھر لاہور کا سفر کریں اور اس کے بعد جرمنی واپس جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جب وہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب یعنی یکم اپریل کو فیض آباد کے قریب پہنچے تو انہوں نے ایک سبزہ زار پر اپنا کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا۔
رات ایک سے 2بجے کے درمیان جب انہوں نے اپنا خیمہ لگایا تو دو بظاہر بے گھر افراد ان کے قریب آئے۔ ان افراد کی ساخت دبلی پتلی تھی اور وہ کیمپ لگانے کے دوران بھی متعدد بار مداخلت کرتے رہے۔
فلپ سام کے مطابق جب وہ صبح اٹھے تو ان کی سائیکل غائب تھی اور انہیں شبہ ہے کہ یہی افراد اسے لے کر گئے ہیں۔
فلپ سام نے بتایا کہ سائیکل چوری ہونے پر وہ پولیس کے پاس گئے اور مدد طلب کی۔ انہوں نے اسلام آباد کے تھانہ کھنہ میں اپنی شکایت درج کرائی، پولیس نے ان سے بھرپور تعاون کیا ہے۔ انہیں امید ہے کہ ان کی کھوئی ہوئی سائیکل جلد واپس مل جائے گی۔
دریں اثناء سی آئی اے پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے جرمن سیاح سے چوری ہونے والی قیمتی سائیکل اور دیگر سامان برآمد کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جاپان آنے والی آسٹریلوی سیاح چیئر لفٹ میں پھنس کر جان کی بازی ہار گئی
ذرائع کے مطابق سی آئی اے پولیس اسلام آباد نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آرچرڈاسکیم کے قریب سے مسروقہ سامان برآمد کر کے ملزمان کو ٹریس کر لیا
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واردات میں ملوث ملزمان منشیات کے عادی ہیں جو نشے کی لت پوری کرنے کے لیے ایسی چوریوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔
پولیس نے سامان قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف تھانہ کھنہ میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ جرمن سیاح نے سامان کی فوری برآمدگی پر اسلام آباد پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔




