مظفرآباد: امبور میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ،15 مکان زد میں آگئے

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) امبور میں حالیہ بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ سنگین، 15 مکانات تباہی کے دہانے پر, متاثرہ خاندانوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

امبور کے علاقے منیری میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر امبور عوامی ایکشن کمیٹی نے ہنگامی دورہ کر کے حکام بالا کو خبردار کر دیا ۔

عوامی ایکشن کمیٹی کا ہنگامی دورہ، فوری اقدامات کا مطالبہ۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت بڑا انسانی سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی سیاسی قیادت اسلام آباد طلب، اہم فیصلے متوقع

تفصیلات کے مطابق لوکل کمیونٹی کی دعوت پر عوامی ایکشن کمیٹی کے وفد نے منیری کے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا، جہاں تقریباً 15 مکانات لینڈ سلائیڈنگ کی براہِ راست زد میں آ چکے ہیں۔

وفد نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور زمینی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر گھروں میں پڑنے والی دراڑیں، زمین کا مسلسل سرکنا اور رہائشیوں میں پائی جانے والی شدید بے چینی نے صورتحال کی سنگینی کو واضح کر دیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:دارالحکومت مظفرآباد میں سکیورٹی سخت، پولیس کا گشت بڑھا دیا

عوامی ایکشن کمیٹی کے ترجمان منصور الیاس خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے چھ ماہ قبل بھی اس مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو متنبہ کیا تھا مگر افسوس کہ اس وقت بعض سیاسی عناصر نے متاثرین کو جھوٹے وعدوں اور وقتی تسلیوں کے ذریعے خاموش کروا دیا، جس کے نتیجے میں کوئی عملی پیشرفت نہ ہو سکی۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کا عمل دوبارہ تیز ہو چکا ہے، جس سے متاثرہ مکانات کو شدید خطرات لاحق ہیں اور قیمتی انسانی جانیں خطرے میں ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:محکمہ جنگلات: سکیل 1 تا 18 کےتمام ملازمین کی تقرریاں منسوخ، نوٹیفکیشن جاری

عوامی ایکشن کمیٹی نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر محفوظ متبادل جگہ فراہم کی جائے، متاثرہ علاقے کا ہنگامی بنیادوں پر ٹیکنیکل سروے کروا کر مستقل حل نکالا جائے اور مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ کیلئے مؤثر حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔

دورے کے موقع پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی اور عوامی ایکشن کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا، جن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندگان،شامل ہیں

جاوید کیانی۔منظور علی اعوان۔افضال راجپوت۔چوہدری قائد رشید یوتھ ونگ سے راجہ عمر ، چوہدری عارف اور چیئرمین صابر قیوم شامل تھے۔اس موقع پر علاقے کے متحرک سماجی رہنما قاری یاسر نے عوامی ایکشن کمیٹی کو دورے کی دعوت دینے اور مسئلے کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جسے عوامی حلقوں نے سراہا ہے۔

آخر میں عوامی ایکشن کمیٹی نے واضح کیا کہ اب مزید تاخیر کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے حکومت فوری اقدامات کرے۔

Scroll to Top