پی ایس ایل،صاحبزادہ فرحان کی سنچری، ملتان نے بڑا ہدف حاصل کرلیا، حیدرآباد کو شکست

لاہور: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 میں ملتان سلطانز نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت حیدرآباد کنگز مین کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی پی ایل چھوڑ کر پی ایس ایل کیوں جوائن کی؟ ایڈم زمپا نے بھارتی لیگ کے پول کھول دیے

ملتان سلطانز کے خلاف میچ کیلئے حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ حماد اعظم کی جگہ شرجیل خان اور عاکف کی جگہ محمد علی کو شامل کیا گیا۔

حیدرآباد کنگز مین نے مقررہ 20 اوورز میں معاذ صداقت اور شرجیل خان کی جارحہ بیٹنگ کی بدولت 5 وکٹوں پر 225 رنز اسکور کیے۔

معاذ صداقت 26 گیندوں پر 62 اور شرجیل خان 51 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔اس کے علاوہ صائم ایوب نے 27، عثمان خان نے 25، عرفان خان نے 22 رنز اسکور کیے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد وسیم نے 2 ، محمدنواز ، ایشٹن ٹرنر اور پیٹر سیڈل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں ملتان سلطانز نے صاحبزادہ فرحان کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت 226 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 19 ویں اوورمیں 4 وکٹوں کےنقصان پر حاصل کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل،بال ٹیمپرنگ پر فخر زمان کو لیول تھری جرم پر چارج کر دیا گیا

صاحبزادہ فرحان 57 گیندوں پر 106رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اسٹیو اسمتھ نے46 اور شان مسعود نے 29 رنز بنائے۔ عرفات منہاس 26 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

یہ ایونٹ میں حیدرآباد کی مسلسل تیسری شکست ہے جبکہ ملتان نے اب تک اپنے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

Scroll to Top