مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) اُمیدوار اسمبلی ایل اے 25 اپر نیلم و رہنما مسلم کانفرنس عابد عندلیب بٹ کا کہنا تھاکہ 45 ہزار ووٹ لینے والا شخص آج بھی عوام کو مالائیں پہنا کر دھوکہ دینے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
مگر اب یہ پرانی سیاست نہیں چلے گی کیونکہ عوام سب کچھ دیکھ اور سمجھ چکے ہیں اور بدعہدی، نااہلی اور ذاتی مفادات کی سیاست مکمل طور پر بے نقاب ہو چکی ہے۔
ان خیالات کااظہار انھوں نے یونین کونسل لوات کے دور ٹو دور انتخابی مہم کے دوران معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں مختلف علاقہ جات کے عمائدین، نوجوانوں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ان کا بھرپور استقبال کرتے ہوئے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:متنازعہ ٹوئٹ: کرکٹر نسیم شاہ کو 2 کروڑ روپے جرمانہ، میڈیا ایڈوائزر برطرف
عابد افضل بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ ایم ایل اے نے اس حلقے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا اور وادی نیلم کے عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی کی جس کا واضح ثبوت ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں، ہسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی، تعلیمی اداروں کی زبوں حالی اور نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی بے روزگاری ہے۔

عابد عندلیب بٹ نے کہا کہ اب مالائیں ڈالنے، تصویریں بنوانے اور نمائشی پروگراموں سے عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔
کیونکہ یہی وہ لوگ ہیں جو الیکشن کے وقت بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں اور کامیابی کے بعد پانچ سال تک عوام کو بھول جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان کی سیاست ہمیشہ خدمت، قربانی اور اصولوں پر مبنی رہی ہے۔

مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان اور میرے والد محترم محمد افضل بٹ نے اس نیلم ویلی کی بے مثال خدمت کی جبکہ میں خود بھی اسی روایت کو آگے بڑھانے کیلئے میدان میں آیا ہوں اور کبھی عوام کو دھوکہ نہیں دو نگا۔
عابد افضل بٹ نے موجودہ سیاسی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج سیاست چند افراد کے ذاتی مفادات کا کھیل بن چکی ہے جہاں عوامی مسائل کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جا رہا ہے تاہم اب یہ کھیل زیادہ دیر نہیں چلے گا کیونکہ عوام جاگ چکے ہیں اور اپنا حق لینا جانتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد:کروڑوں مالیتی سیف سٹی پروجیکٹ غیرفعال، سکیورٹی خدشات میں اضافہ
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اس فرسودہ نظام کے خلاف کھڑے ہو چکے ہیں اور وادی نیلم کے عوام کے حقوق کیلئے ہر حد تک جائیں گے ۔
یہ صرف ایک الیکشن نہیں بلکہ عوام کی عزت، حق اور مستقبل کی جنگ ہے اور وہ اس جنگ کو ہر صورت جیتیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایل اے 25 اپر نیلم کے عوام کو دانستہ طور پر ترقی سے محروم رکھا گیا تاکہ وہ ہمیشہ محتاج رہیں مگر اب ہر گاؤں، ہر نوجوان اور ہر خاندان اپنے حق کیلئے کھڑا ہو چکا ہے اور یہ حق لے کر رہے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی سیاست کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ عوام کی تقدیر بدلنا ہے اور وہ وعدے نہیں بلکہ عہد کرتے ہیں کہ اس حلقے کو اس کا جائز حق دلا کر رہیں گے۔
اس موقع پر معززین علاقہ نے بھی موجودہ قیادت پر شدید عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عابد افضل بٹ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ نااہل اور وعدہ خلاف عناصر کو مسترد کر کے ایک مخلص قیادت کو آگے لایا جائے۔
عابد افضل بٹ نے مزید کہا کہ فیصلہ اب عوام کے ہاتھ میں ہے کہ وہ ماضی کی ناکام سیاست کو جاری رکھتے ہیں یا ایک نئی، باوقار اور ترقی یافتہ وادی نیلم کی بنیاد رکھتے ہیں۔۔
انہوں نے پرعزم انداز میں کہا کہ ہم میدان میں ہیں، عوام ہمارے ساتھ ہیں اور انشائاللہ فتح بھی ہماری ہوگی۔




