اسلام آباد (30 مارچ 2026): پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) نے ملک بھر کے نوجوان انجینئرز کے لیے اپنے اہم ’گریجویٹ انجینئر ٹرینی (GET) پروگرام‘ کے دوسرے بیچ کی قرعہ اندازی مکمل کر لی ہے۔ اس پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے 1,700 خوش نصیب انجینئرز کو 6 ماہ کی تربیت کے دوران ماہانہ 50 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔
لاہور ریجنل آفس میں ہونے والی اس تقریب کی صدارت چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے کی، جہاں شفاف ڈیجیٹل بیلٹنگ کے ذریعے امیدواروں کا انتخاب کیا گیا۔
پی ای سی حکام کے مطابق اس پروگرام کے لیے کل 5,300 امیدواروں نے آن لائن درخواستیں جمع کرائی تھیں۔ اسکریننگ کے بعد 3,982 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا، جن میں سے حتمی طور پر 1,700 انجینئرز کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ پروگرام مکمل طور پر پی ای سی کی جانب سے فنڈڈ ہے اور اسے انجینئرز کے لیے “ہاؤس جاب” کی طرز پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس 6 ماہ کی مدت میں 5 ماہ فیلڈ ٹریننگ اور ایک ماہ مہارت بڑھانے (اسکل ڈویلپمنٹ) کے لیے مخصوص ہو گا۔ تربیت مکمل کرنے پر امیدواروں کو کیو آر (QR) کوڈ والا تصدیقی سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کاطلباء کیلئے 1,000 اسکالرشپس کا اعلان
نشستوں کی تقسیم کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 300 نشستیں خاص طور پر صوبہ بلوچستان کے گریجویٹس کے لیے مختص تھیں جو مکمل طور پر پُر ہو چکی ہیں۔ باقی 1,400 امیدواروں کا انتخاب پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی ای سی وسیم نذیر نے کہا کہ بلوچستان کے لیے خصوصی کوٹہ رکھنے کا مقصد وہاں کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا اور محرومیوں کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان انجینئرز پر سرمایہ کاری کرنے سے ملک کی صنعتی ترقی اور انجینئرنگ کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔




