چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر کا دورہ راولپنڈی،مہاجرین کی شکایات کے ازالہ کی ہدایت

راولپنڈی:آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے الیکشن کمیشن آفس پونچھ ہاؤس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

الیکشن کمیشن کے حکام نے چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر کا مئی میں الیکشن شیڈول جاری کرنے کا اعلان

اس موقع پر الیکشن کمیشن کے حکام نے چیف الیکشن کمشنر کو آئندہ عام انتخابات کے سلسلے میں اب تک کی انتظامی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن پوری طرح متحرک ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کی ووٹر لسٹوں کو شفاف اور درست بنانے کے لیے پوری مستعدی سے کام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈپٹی الیکشن کمشنر مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے نمائندوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ان کی شکایات و تحفظات کا بروقت ازالہ کیا جائے تاکہ انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔

یہ بھی پڑھیں:عوامی ایکشن کمیٹی کی الیکشن میں انٹری، پہلا امیدوار نامزد کردیا

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جلد ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں پاکستان میں مقیم مہاجرین جموں و کشمیر کے حلقوں میں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے جامع حکمت عملی طے کی جائے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ الیکشن کمیشن تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے صاف، شفاف اور قابل اعتماد انتخابی عمل کو یقینی بنائے گا۔

Scroll to Top