اسحاق ڈار

پاکستان پُر اُمید ہے امریکہ اور ایران کے درمیان جلد مذاکرات ہوں گے ، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چار فریقی وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں شریک ممالک کے درمیان ہونے والی ملاقاتیں نہایت مثبت اور تعمیری رہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام شرکاء اس بات پر متفق ہیں کہ جنگ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہوتی اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ یہ اہم اجلاس ان کی دعوت پر اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ وزرائے خارجہ نے امن کے قیام، جنگ بندی اور استحکام کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مسائل کو بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جائے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی پرچم بردار مزید20 جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت مل گئی،اسحاق ڈار

انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس کے دوران سفارتی ذرائع کو مضبوط بنانے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ طاقت کے استعمال کے بجائے بات چیت ہی وہ مؤثر راستہ ہے جس کے ذریعے پائیدار امن ممکن بنایا جا سکتا ہے ۔

نائب وزیر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ چین نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے، جو پاکستان کی سفارتی کاوشوں پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے ۔

اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جلد مذاکرات کا آغاز ہوگا، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان ہر سطح پر دہشتگردی کے خلاف متحد، پرعزم اور متحرک ہے، اسحاق ڈار

انہوں نے آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور تمام متعلقہ ممالک کے ساتھ مل کر کشیدگی کے خاتمے اور استحکام کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کرتا رہے گا ۔

Scroll to Top