پیٹرول پر سبسڈی کن صارفین کو ملے گی؟ حکومت کی نئی تجویز سامنے آگئی

حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل اور 3 پہیوں والی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر سبسڈی دینے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں، جس کا مقصد کم آمدنی والے صارفین کو ریلیف فراہم کرنا اور ایندھن کے استعمال میں کفایت شعاری کو فروغ دینا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے تجویز پیش کی ہے کہ مخصوص صارفین کو ماہانہ 20 سے 30 لیٹر تک ‘ٹارگٹڈ سبسڈی’ دی جائے، جس کے تحت سبسڈائزڈ پیٹرول کی فراہمی کے لیے ہر صارف کو مخصوص کیو آر کوڈ (QR Code) فراہم کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے جلد باضابطہ اعلان متوقع ہے تاکہ صارفین کو درست معلومات اور سہولت فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: اپنا گھر بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرض، وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کفایت شعاری کے منصوبے کے تحت وفاقی حکومت نے صوبوں سے تقریباً 154 ارب روپے کی فنڈنگ طلب کر لی ہے تاکہ سبسڈی کے نفاذ اور ایندھن کی منظم تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ملک بھر میں فیول کے مؤثر اور شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے مرتب کیا گیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں فیول کی موجودہ سپلائی 10 مئی تک کے لیے کافی ہے۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی بھی ممکنہ ردوبدل کے لیے حتمی فیصلہ کرنے کے لیے صدر، وزیراعظم اور چاروں وزرائے اعلیٰ کی مشترکہ ملاقات اگلے ہفتے متوقع ہے۔

مزید پڑھیں: گھر میں 4 لیٹر پیٹرول ذخیرہ کرنے کرنے پر شہری کو قید کی سزا سنادی گئی

واضح رہے کہ اس اقدام سے کم آمدنی والے شہریوں کو فوری ریلیف مل سکتا ہے، جبکہ حکومت کی کفایت شعاری کی پالیسی ایندھن کی غیر ضروری کھپت کو کم کرنے اور ٹریفک کے دباؤ کو منظم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ تاہم، اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ سبسڈی کا نفاذ شفاف اور ہموار ہونا چاہیے تاکہ صرف حقیقی اہل صارفین ہی اس سے مستفید ہو سکیں۔ سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں اس خبر کے بعد مختلف ردعمل دیکھنے میں آیا ہے؛ کچھ صارفین نے خوشی کا اظہار کیا ہے جبکہ دیگر نے سبسڈی کی تقسیم میں شفافیت اور کڑی نگرانی کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

Scroll to Top