آزاد کشمیر انتخابات 2026: گجر قومی پارٹی سیاسی اسٹیک ہولڈر تسلیم کر لی گئی

آزاد جموں و کشمیر کے انتخابی منظر نامے میں ایک اہم تبدیلی سامنے آئی ہے جہاں الیکشن کمیشن نے گجر قومی پارٹی کو ریاست کے سیاسی اسٹیک ہولڈر کے طور پر قبول کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ مظفر آباد کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق، گجر قومی پارٹی کے صدر چوہدری صغیر یعقوب کو اسلام آباد میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ یہ اجلاس 28 مارچ 2026 کو کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے، جس کا مقصد آئندہ عام انتخابات کے لیے انتخابی فہرستوں کی تیاری اور ضابطہ اخلاق کی تشکیل پر سیاسی جماعتوں سے تعاون حاصل کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں پراپرٹی ٹیکس اور رجسٹریشن فیس کیلئے نیا نوٹیفکیشن جاری

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے انتخابی فہرستوں کو شفاف بنانے اور 2021 کی فہرستوں پر نظر ثانی کے لیے تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو مدعو کیا گیا ہے۔ گجر قومی پارٹی کو اس عمل میں شامل کرنا اس بات کی علامت ہے کہ کمیشن آمدہ انتخابات کو ہر پہلو سے صاف اور شفاف بنانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لینا چاہتا ہے۔

اجلاس میں انتخابی فہرستوں کی تیاری کے لائحہ عمل کے ساتھ ساتھ امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے لیے مشترکہ ضابطہ اخلاق بھی ترتیب دیا جائے گا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان کی جانب سے جاری اس دعوت نامے میں پارٹی قیادت سے قیمتی آراء طلب کی گئی ہیں تاکہ انتخابی عمل کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: عام آدمی کا نظام سے اعتبار اٹھ جائے تو ایکشن کمیٹیاں بنتی ہیں،فیصل راٹھور