اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا۔
آئی ایم ایف کے مطابق بورڈ کی منظوری کے بعدپاکستان کو توسیعی فنڈ سہولت کے 1 ارب ڈالر اور آر ایس ایف کے تحت 21 کروڑ ڈالر تک رسائی حاصل ہوگی۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ دونوں انتظامات کے تحت مجموعی ادائیگیاں تقریباً 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔
آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی حتمی منظوری کے بعد رقم جاری ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف مشن کا دورہ پاکستان ختم، ترکیہ سے آن لائن مذاکرات کا فیصلہ
یہ معاہدہ پاکستان کی معاشی استحکام اور آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں ایک بڑی پیش رفت ہے، جس سے بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب ماہرینِ معیشت نے خبردار کیا ہے کہ معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد ایک بڑا چیلنج ہوگا، کیونکہ اس کے لیے سخت فیصلے کرنا ہوں گے جو عوام پر وقتی بوجھ ڈال سکتے ہیں۔
تاہم، ان کا کہنا ہے کہ اگر اصلاحات پر مستقل مزاجی سے عمل کیا گیا تو طویل مدت میں معیشت کو فائدہ پہنچے گا اور ملک مالی بحران سے نکلنے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔




