والد کی (ن) لیگ میں شمولیت روکنے کیلئے پی ٹی آئی کارکن کی سنگین دھمکی کام نہ آئی

جہلم ویلی: پی ٹی آئی حلقہ 6جہلم ویلی کے صدر خطیب اللہ کی ممکنہ مسلم لیگ(ن)میں شمولیت روکنے کیلئے ان کے بیٹےامان اللہ خان دلزاک نے دریاپر چھلانگ لگا کر خودکشی کی دھمکی دیدی جو بعد میںسوشل میڈیا پوسٹ ڈیلیٹ کرکے واپس لینا پڑی۔

جمعہ کے روز شام گئے خطیب اللہ کے فرزند امان اللہ خان نے فیس بک پر شیئر کی گئی پوسٹ میں کہا کہ میں اپنےوالد اور خاندان کو آگاہ کرتا ہوں کہ اگر ہفتہ کے روز میرےوالد مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کرتے ہیں تو ایک طرف وہ ن لیگ میں اعلان کریں گے تو دوسری طرف میں دریا جہلم میں چھلانگ لگا کر خود کشی کر لوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: عوام کسی سیاسی بہکاوے میں ووٹ ضائع نہ کریں،ن لیگ کوسپورٹ کریں، فاروق حیدر

امان اللہ خان نے کہا کہ وہ صبح اگر ن لیگ میں شامل ہونے کے لیے گاؤں سے ہٹیاں بالا جائیں گے تو انھیں واپسی پر میرا جنازہ لے کر گھر آنا ہو گا، مجھ میں بھی پٹھان خون ہے اگر وہ میری بات نہیں مانتے تو میں بھی اپنی ضد پوری کر کےرہوں گا۔

بعد ازاں امان اللہ نے پوسٹ ڈیلیٹ کرکے ایک اور پوسٹ کی کہ مجھے بہت سے بھائیوں اور دوستوں کی کالز آئی ہیں کہ سیاست میں ایسا قدم نہیں اٹھانا جس وجہ سے میں اپنا ارادہ ترک کرتا ہوں لیکن میں پی ٹی آئی میں ہی رہوں گا۔

دوسری طرف پی ٹی آئی حلقہ 6کے صدر خطیب اللہ خان نے فیس بک پر لکھا کہ میں مظفرآباد آیا ہوں امان اللہ کو ورغلانے والوں کو میں جانتا ہوں، گھر سے معلوم کیا ہے وہ گھر سے بازار گیا تھا ،اسے کسی نے اغواءکیا ہے،اس کا موبائل لے کر ایسی پوسٹیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان میری نظر میں ہیں میں نے اس بچے کو عمرہ،شادی کروائی،ایم اے، ایم ایڈ تک پڑھایا ہے وہ خود ایسا نہیں کر سکتا ہے،تھوڑی دیر قبل قائد کشمیر فاروق حیدر خان سے ملاقات بھی ہوئی ہے ،ڈس انفارمیشن پر کان نہ دھریں بھر پور شمولیتی پروگرام ہوگا۔

خطیب اللہ خان نے کہا کہ میرے بیٹے کا جنازہ بھی ہو جائے تو میں پھر بھی(ن)لیگ میں شمولیت کا اعلان کروں گا ایسے نافرمان کو اپنے آبائی قبرستان میں دفن بھی نہیں کروں گا،ذمہ داران کے خلاف کارروائی کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی آزادکشمیر کی رجسٹریشن میں بڑی پیشرفت، 4اپریل کو سماعت ہوگی

دریں اثناء چیئرمین بلدیہ سجاول خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رات تقریباً 11 بجے وفد کی پاکستان تحریک انصاف ضلع جہلم ویلی کے صدر خطیب اللہ خان سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں آج ہفتہ کو ہونے والے سیاسی پروگرام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

خطیب اللہ خان نے اس موقع پر واضح طور پر کہا کہ ہفتے کا پروگرام ہر حال میں منعقد ہوگا اور اس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں ہے ۔

Scroll to Top