وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے لیے منتخب ہونے والے ایک لاکھ 19 ہزار پاکستانی عازمینِ حج کے لیے ڈیجیٹل طبی ریکارڈ کی فراہمی لازمی قرار دیتے ہوئے پاک حج ایپ پر میڈیکل سوالنامہ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور عمر بٹ کے مطابق حج کے دوران شدید جسمانی مشقت اور ہنگامی حالات میں عازمین کو فوری اور درست طبی امداد فراہم کرنے کے لیے سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق یہ ڈیٹا بیس تیار کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رواں برس حج پر جانے کے خواہشمند عازمین کے لیے اہم خبر آگئی
اس مقصد کے لیے تمام عازمین کو اگلے 36 گھنٹوں، یعنی بروز جمعہ تک اپنی صحت سے متعلق تفصیلات ایپ کے ذریعے درج کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ یہ سوالنامہ عازمینِ حج کو طبی سہولیات کی مربوط فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
سوالنامے میں ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، گٹھیا، تھائرائیڈ، دمہ اور امراضِ قلب سمیت دائمی بیماریوں کا اندراج کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں طبی عملہ عازمِ حج کی طبی ہسٹری سے آگاہ ہو۔
عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بیماری موجود ہونے کی صورت میں YES اور بیماری نہ ہونے کی صورت میں NO کا انتخاب کریں۔
ترجمان کے مطابق پاک حج ایپ کو مکمل ون ونڈو آپریشن پورٹل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جس میں حج ویزہ کے حصول اور پرنٹ کرنے کا براہِ راست لنک بھی فعال کر دیا گیا ہے جبکہ عازمین اپنی پروازوں کا شیڈول اور وقت بھی ایپ کے ذریعے دیکھ سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں حج کے لیے تربیتی نشستوں کا انعقاد
وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ مرحلہ وار نئی معلومات اور ہدایات ایپ میں شامل کی جا رہی ہیں۔
عازمینِ حج کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی دشواری سے بچنے کے لیے پاک حج 2026 موبائل ایپ سے مسلسل منسلک رہیں اور جمعہ تک اپنا طبی پروفائل لازمی مکمل کریں۔




