میرپور : لاکھوں کشمیری تارکین وطن کے ضلع میرپور میں زلزلہ زدہ علاقوں میں عوام کو پینے کے صاف،محفوظ اورخالص پانی کی فراہمی کی جانب ایک اور قدم،مسلم ہینڈز میرپور اور Hubcoلاریب انرجی لمیٹڈ کے مابین ابتدائی طور پر پہلے مرحلے میں 4 واٹرفلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کیلئے معاہدہ طے پاگیا۔
مسلم ہینڈز کی جانب سے ہیڈ آف آپریشن جاویدالحسن جبکہ لاریب انرجی کی جانب سے پلانٹ منیجر غلام وقاص شہزاد نے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس دوران ایڈمن منیجر لاریب انرجی میجر سہیل اسمگل بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پانی بطور ہتھیار استعمال،پاکستان نے عالمی فورم پربھارت کو بے نقاب کردیا
اس موقع پر اپنے پیغام میںدونوں فریقین نے کہا کہ یہ شراکت داری ہماری اس مستقل وابستگی کی عکاسی کرتی ہے کہ ہم کمیونٹیز کو صاف، محفوظ اور خالص پینے کا پانی فراہم کریں، عوامی صحت کو بہتر بنائیں اور معیارِ زندگی کو بلند کریں۔
صاف پانی تک رسائی صرف ایک ضرورت نہیں بلکہ ایک بنیادی حق ہے، اور ایسی کاوشوں کے ذریعے ہم صحت مند اور مضبوط معاشروں کی تعمیر کے لیے کوشاں ہیں۔ معاہدہ نامہ لاریب انرجی کے دفتر میں دستخط کیاگیا۔
یادرہے کہ قبل ازیں نوے سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹ مسلم ہینڈز کے زیراہتمام کام کررہے ہیں اور اب اس نئے معاہدے کے مطابق ضلع میرپور کے زلزلہ زدہ 4 علاقوں جاتلاں ہیڈ،ساہنگ نکہ،بنی اور سموال شریف میں واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کر کے عوام الناس کو مقامی سطح پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی طرف پیش رفت کی جائیگی۔
مسلم ہینڈز میرپور کے ہیڈ آف آپریشن جاویدالحسن نے بتایا کہ مسلم ہینڈز نے میرپور میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی موثر اور وافر فراہمی کے لیے پی سی آر ڈبلیو آر کے معیار کے مطابق اپنی ٹیسٹنگ لیب بنا کر اپنے ایک سو کے قریب نصب شدہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے عوام الناس کو پینے کے صاف ستھرے پانی کی فراہمی کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھا رکھے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: یونیورسٹی آف حویلی اور مسلم ہینڈز کے مابین معاہدہ،100 سکالر شپس کا اعلان
انہوں نے کہا کہ اب جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مسلم ہینڈز میرپور نے مارکیٹ میں دستیاب واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مہنگے داموں خرید کی بجائے اپنے ماہر کاریگروں کے ذریعے بہتر سے بہترین واٹر فلٹریشن پلانٹس کی کم قیمت میں اسمگلنگ کا آغاز بھی کر دیا ہے جس کے نتائج بھی بہتر سامنے آ رہے ہیں۔




