نیویارک(کشمیر ڈیجیٹل)امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کا مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے حوالے سے مذاکرات کیلئے رواں ہفتے پاکستان آمد کا امکان ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔
واشنگٹن میں امریکی صحافی نے میمفس سے وائٹ ہاؤس واپسی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا نائب صدر ایرانیوں سے مذاکرات کیلئے پاکستان جا رہے ہیں لیکن ٹرمپ سوال کو نظرانداز کرگئے اور نائب صدر کی پاکستان روانگی کے متعلق سوال کا جواب دیئے بغیر وہاں سے گزر گئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایران نے ایک اور امریکی طیارہ ایف 18مار گرایا،ویڈیو وائرل
پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ سفارت کاری میں بعض امور کو خاموشی سے آگے بڑھانا ہوتا ہے، ذرائع ابلاغ امریکا ایران مذاکرات کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں گے، فیصلوں اورنتائج سے متعلق سرکاری اعلانات کا انتظار کریں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:افغان طالبان کیخلاف آپریشن غضب للحق دوبارہ شروع کردیا، سکیورٹی ذرائع
اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے جامع مذاکرات کی میزبانی اور سہولت فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ امریکا اور ایران کی رضامندی کے بعد پاکستان مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے جامع تصفیے کیلئے بامعنی مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے اور میزبانی کیلئے تیار ہے۔
اس سے قبل وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے تصدیق کی تھی کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تاہم اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔




