ممبئی : بھارت کی ریاست اترپردیش میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کرکٹ کھیلتے ہوئے ایک 22 سالہ نوجوان اچانک دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا ۔ یہ واقعہ حافظ تھانہ گنج کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ثاقب نامی نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ مقامی سطح پر کرکٹ میچ کھیل رہا تھا ۔
عینی شاہدین کے مطابق کھیل کے دوران ثاقب کو اچانک سانس لینے میں دشواری محسوس ہوئی۔ ابتدا میں ساتھیوں نے اسے معمولی طبیعت کی خرابی سمجھا، تاہم چند ہی لمحوں میں اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ زمین پر گر پڑا ۔ اس صورتحال نے میدان میں موجود کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ورلڈ باکسنگ چیمپئن عثمان وزیر نے معروف اداکارہ ہانیہ عامر کی ٹریننگ شروع کردی
ساتھی کھلاڑیوں نے فوری طور پر انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے قریبی ہسپتال منتقل کیا مگر بدقسمتی سے ڈاکٹرز اسے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے ۔ طبی ماہرین کے مطابق نوجوان کو شدید نوعیت کا دل کا دورہ پڑا تھا جو اس کی موت کا سبب بنا ۔
مرحوم ثاقب ایک طالبعلم تھا اور بی ایڈ کی تعلیم حاصل کر رہا تھا ۔ وہ عید کی تعطیلات کے باعث اپنے آبائی گھر آیا ہوا تھا اور اسی دوران دوستوں کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے یہ المناک حادثہ پیش آیا ۔ اہل خانہ کے مطابق ثاقب نہایت خوش اخلاق، ملنسار اور کھیلوں کا شوقین نوجوان تھا، جو مقامی ٹورنامنٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا تھا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:محسن نقوی کی کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب، پی ایس ایل محدود کرنے پر شائقین سے معذرت کرلی
اس اچانک اور غیر متوقع موت نے نہ صرف اہل خانہ بلکہ پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے ۔ مقامی افراد اور سماجی حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔




