اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انڈونیشیا کے نو منتخب صدر پرابوو سوبیانتو سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔ اس گرم جوش گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور برادر ممالک کے عوام سمیت پوری امتِ مسلمہ کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کی دعائیں کیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، دونوں عالمی رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس گفتگو کا محور مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال رہی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر پرابوو سوبیانتو نے ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن کی خاطر فوری طور پر تناؤ کو کم کرنے کی ضرورت ہے اور تمام تصفیہ طلب مسائل کو جنگ کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان موجود تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تجارت، معیشت اور عوامی سطح پر روابط سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ انڈونیشیائی صدر نے وزیراعظم کے جذبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں اسلامی ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔




