مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی، شاہ غلام قادر کا بڑا دعویٰ

نیلم : قائد حزبِ اختلاف اور صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے بالائی نیلم، شاردہ اور خواجہ سیری میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے اور آنے والے عام انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کر کے حکومت بنائے گی۔

قائد حزبِ اختلاف نے کارکنان کو ہدایت کی کہ عام انتخابات کا شیڈول جلد متوقع ہے، اس لیے عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ہر حلقے میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی اور تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ غلام قادر،میاں عبدالوحید آبائی گاؤں اورپیر مظہر شاہ عید کراچی میں منائیں گے

شاہ غلام قادر نے موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کارکردگی صفر ہے اور صرف زبانی جمع خرچ سے عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں ترقیاتی کام ٹھپ پڑے ہیں اور وسائل کا بے دردی سے ضیاع کیا جا رہا ہے۔ وادی نیلم کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضے اور تجاوزات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شاہ غلام قادر نے چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ سرکاری زمینوں (خالصہ سرکار) پر غیر قانونی تعمیرات روکنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو فوری احکامات جاری کریں۔

مزید پڑھیں: شاہ غلام قادر کے الزام پر میاں وحید کا سخت ردعمل، جوابی تنقیدی نشتر چلا دیئے

قائد حزبِ اختلاف نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن انتقامی کارروائیوں کو مسترد کرتی ہے، تاہم موجودہ حکومت کے عتاب کا شکار ہونے والے لوگوں کو انصاف ضرور فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ شاردہ میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد جلد وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف رکھیں گے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو بھی وادی نیلم کا دورہ کروانے کا ارادہ ظاہر کیا، اور کہا کہ مسلم لیگ ن ہی ترقی و خوشحالی کا دوسرا نام ہے۔

Scroll to Top