بارش ہو گی یا گرمی بڑھے گی؟محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی انگڑائی، کہیں بارش اور ژالہ باری تو کہیں گرمی کی شدت میں کمی کی پیشگوئی کر دی گئی ہے۔

کشمیر اور شمالی علاقہ جات:

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سمیت وادی نیلم، ہٹیاں بالا اور جہلم ویلی میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام یا رات کے وقت بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا 30% سے 40% امکان موجود ہے، جس سے موسم میں خنکی بڑھے گی۔ گلگت بلتستان میں بھی مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ مری اور گلیات میں موسم خشک مگر جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا اور پنجاب:

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم بنوں، کرک، ڈی آئی خان، چترال، وزیرستان، کرم اور ہنگو میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔ پنجاب کے جنوبی اور مغربی اضلاع میں موسم کا رخ بدل سکتا ہے، جہاں ڈیرہ غازی خان، لیہ، بہاولپور، بھکر، میانوالی اور خوشاب میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹنے کی امید ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عید کی چھٹیوں میں آزادکشمیر کاموسم کیسا رہےگا؟محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

بلوچستان اور سندھ:

بلوچستان میں موسم کی صورتحال کچھ زیادہ شدت اختیار کر سکتی ہے، جہاں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا قوی امکان ہے۔ اسی طرح نوشکی، ژوب، قلات، مستونگ، سبی، لورالائی اور خضدار میں بھی بادل برسنے اور ژالہ باری کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، البتہ سکھر، دادو اور سانگھڑ میں چند مقامات پر بوندا باندی یا ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

کراچی اور اسلام آباد:

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم خشک رہنے کے ساتھ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جس سے درجہ حرارت معتدل رہے گا۔ شہر قائد میں آج مطلع ابر آلود ہے اور محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت میں کمی کی پیشگوئی کی ہے، تاہم کراچی میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری تک جا سکتا ہے۔

Scroll to Top