پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن کی اکلوتی بیٹی ماروی ملک انتقال کر گئی ہیں۔
پارٹی سیکریٹریٹ کے مطابق مرحومہ کو چند روز قبل برین ہیمرج ہوا تھا، جس کے بعد انہیں کراچی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ 35 سالہ ماروی ملک کو پانچ روز قبل طبیعت بگڑنے پر کلفٹن کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں اور خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہمارے شہداء ہمارا افتخار: عید الفطر کے موقع پر شہداء کے لواحقین کے جذبات و احساسات
اہلِ خانہ کے مطابق مرحومہ کی نمازِ جنازہ پیر کے روز سہ پہر ساڑھے تین بجے ڈی ایچ اے فیز 8 کراچی میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ ماروی ملک کے انتقال پر مختلف سیاسی رہنماؤں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹر شیری رحمٰن کی صاحبزادی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی شیری رحمان سے تعزیت کی اور مرحومہ کے لیے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا فرمائی۔ پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شازیہ مری نے اپنے بیان میں ماروی ملک کے انتقال کو نہایت افسوسناک اور ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے سوگوار خاندان کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔




